امریکا اور ایران کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی بحالی پر متفق

 امریکا اور ایران کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی بحالی پر متفق
کیپشن: امریکا اور ایران کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی بحالی پر متفق

ویب ڈیسک: بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران نے آبنائے ہرمز سے متعلق جاری کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اصولی اتفاق کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ دونوں ممالک نے فی الحال کشیدگی میں کمی لانے پر اتفاق کیا ہے، جس کے تحت بحری جہاز معمول کے مطابق آبنائے ہرمز سے آمد و رفت جاری رکھ سکیں گے۔

رائٹرز کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ مجوزہ مفاہمت کی یادداشت (MoU) کے تمام نکات پر تکنیکی سطح کے مذاکرات جاری رہیں گے، جبکہ دونوں فریق فی الوقت کسی بھی جارحانہ اقدام سے گریز کریں گے تاکہ خطے میں استحکام برقرار رہے۔

دوسری جانب ایک امریکی ویب سائٹ نے بھی ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ واشنگٹن نے تمام عسکری کارروائیاں روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے وفود منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات کریں گے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان جاری تنازعات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت ہوگی۔

رائٹرز کے مطابق مذاکرات میں مفاہمت کی یادداشت کے تمام نکات زیر غور آئیں گے، جبکہ امریکی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ بات چیت کا مرکزی محور آبنائے ہرمز کی موجودہ صورت حال اور بحری سلامتی ہوگا۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی تکنیکی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ نک اسٹیورٹ بھی دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

تاہم امریکا اور ایران کی جانب سے ان رپورٹس کی باضابطہ تصدیق یا مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔



Watch Live Public News