وزیراعظم شہباز شریف کا بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر سے رابطہ، مل کر کام کرنے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف کا بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر سے رابطہ، مل کر کام کرنے پر اتفاق
کیپشن: وزیراعظم شہباز شریف کا بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر سے رابطہ، مل کر کام کرنے پر اتفاق

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائرز محمد یونس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز وزیراعظم شہباز شریف کا بنگلہ دیشی حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

وزیراعظم نے ٹیلی فونک رابطے میں پروفیسر محمد یونس کو چیف ایڈوائزر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی دی، انہوں نے بنگلہ دیش کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا۔

شہباز شریف نے حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام سے اظہارِ ہمدردی کیا جبکہ وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھا کر دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

ٹیلی فونک رابطے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں کا تذکرہ کیا جبکہ وزیراعظم نے دو طرفہ تجارتی تعلقات، ثقافتی تبادلوں اور عوامی رابطوں کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں کا پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا، اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ وسیع تر علاقائی تعاون جنوبی ایشیا کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

دوسری جانب پروفیسر محمد یونس نے ٹیلی فون کال پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کو خط لکھتے ہوئے سیلابی صورت حال پر بنگلہ دیش کو مدد کی پیشکش بھی کی تھی۔

Watch Live Public News