کابل ( ویب ڈیسک ) سنیئر طالبان رہنما انس حقانی نے کہا ہے کہ طالبان نے امریکہ کو افغانستان سے نکال کر تاریخ رقم کر دی ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے بیرونی مداخلت کار آخر کار ملک سے چلے ہی جاتے ہیں، امریکہ اور نیٹو کا افغانستان پر 20 سال کا قبضہ ختم ہونا ایک تاریخی دن ہے۔ ایک بیان میں سنیئر طالبان رہنما انس حقانی نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ یہ تاریخی لمحہ دیکھنے کا مجھے میری زندگی میں موقع ملا ، یہ افغان عوام کیلئے ایک ایسا لمحہ ہے جس کے بعد ان کی ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہو گا اور افغانستان میں وہی نظام نافذ ہو گا جو افغانستان کی عوام چاہتے ہیں اور جس کیلئے گزشتہ بیس سالوں سے امریکیوں کیخلاف جدوجہد کی گئی ہے۔ طالبان کی طرف سے جاری ہونےوالے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان کی طرف سے امریکہ کے انخلا کی خوشی میں ہوائی فائرنگ ہو رہی ہے اور اس کی وجہ سے افغانی عوام پریشان نہ ہوں، یہ تاریخی لمحہ طالبان کے ساتھ ساتھ افغانی عوام کیلئے بھی خوشی کا باعث ہے۔