ویب ڈیسک: پاکستان اور چین نے ایران سے متعلق صورتحال پر اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں ممالک ہر حال میں قریبی اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور علاقائی و عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ وزرائے خارجہ نے ایران کے معاملے پر تعاون بڑھانے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر زور دیا۔
چین نے واضح کیا کہ وہ خطے میں تناؤ کم کرنے کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ حالیہ کشیدہ صورتحال کے باوجود تین چینی جہاز آبنائے ہرمز سے بحفاظت گزرے، جس پر متعلقہ فریقوں کے تعاون کو سراہا گیا۔
چین نے جنگ کے دوران تاریخی مقامات کو نقصان پہنچنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل سمیت تمام فریقین سے فوری جنگ بندی اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس وقت چین کے دورے پر ہیں، جہاں وہ چینی ہم منصب سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔