ویب ڈیسک: بھارت میں مقیم بنگلادیشی ماڈل اور اداکارہ شانتا پال کو جعلی دستاویزات کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 28 سالہ شانتا پال کو 30 جولائی کے روز ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ میں ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے پولیس نے حراست میں لیا۔
اداکارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے بھارت میں رہائش کے لیے جعلی شناختی دستاویزات تیار کروائیں اور انہی کی بنیاد پر ایک فلیٹ کرائے پر حاصل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں اداکارہ سے بعض مشکوک دستاویزات موصول ہوئی ہیں جن کی مختلف سرکاری اداروں سے تصدیق کروائی جا رہی ہے۔
شانتا پال، جو کہ ماضی میں "مس ایشیا گلوبل" کا اعزاز بھی حاصل کر چکی ہیں، بنگلادیش میں ماڈلنگ اور اداکاری کے میدان میں خاصی شہرت رکھتی ہیں۔ ان کی بھارت آمد اور وہاں قیام کی مدت سے متعلق بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کولکتہ پولیس کے مطابق ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اداکارہ نے ممکنہ طور پر طویل مدتی قیام کے لیے بھارت میں جعلی طور پر دستاویزات حاصل کیں۔ اس حوالے سے غیر قانونی طور پر رہائش اختیار کرنے، دھوکہ دہی اور جعل سازی سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ادھر بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر اس واقعے پر خاصی بحث چھڑ گئی ہے، کئی صارفین سوال اٹھا رہے ہیں کہ ایک غیر ملکی شہری کیسے اتنے عرصے تک بھارت میں قیام پذیر رہی اور کسی ادارے کو علم نہ ہو سکا۔
ادھر تاحال شانتا پال یا ان کے نمائندوں کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید انکشافات متوقع ہیں۔