غلامی پر موت کو ترجیح دیتا ہوں، عمران خان

غلامی پر موت کو ترجیح دیتا ہوں، عمران خان
گوجرانوالہ: سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ میں غلامی پر موت کو ترجیح دیتا ہوں۔ سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے راولپنڈی بائی پاس گوجرانوالہ پہنچنے پر لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط معاشر ے میں امیر اور غریب کے لیے ایک ہی قانون ہوتا ہے۔ سنگاپور غریب ملک تھا تاہم ان کا لیڈر آیا اور انصاف پر مبنی فیصلے کیے لیکن بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں انصاف نہیں۔ چھوٹا چور جیل میں ہوتا ہے اور بڑا وزیراعظم بن جاتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کو 16 ارب روپے مقدمے میں سزا ہونا تھی لیکن شہباز شریف کے کیسز ختم کروائے گئے۔ شہباز شریف کیسز میں 4 گواہان تھے جو 2 ماہ میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو اسلام آباد پہنچنا ہو گا۔ معاشرے میں انصاف خوشحالی سے مشروط ہے اور مضبوط معاشرے میں یکساں انصاف ہوتا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک طاقتور مجرم کو سزا نہ ہو اور میں نے 4 سال میں بڑی کوشش کی کہ بڑے مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لاؤں لیکن میں بڑے مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے پر کامیاب نہیں ہوا۔ خفیہ ہاتھوں نے بڑے مجرموں کو سزا نہیں ہونے دی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کون سی قیامت آئی کہ 6 ماہ میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی اور مجرموں کو کس نے اقتدار پربٹھایا؟ ان کے کیسز جلدی جلدی ختم ہوئے۔ مجرموں کو اقتدار میں لانے والے کون ہیں؟ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ مریم نواز، شہباز شریف، آصف زرداری اور حمزہ شہباز کے خلاف کیسز ختم کیے گئے جبکہ سابق صدر پرویز مشرف نے ان کو مجرم کہا تھا اور پھر این آر او دیا۔ جانوروں کے معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا۔ میں غلامی پر موت کو ترجیح دیتا ہوں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔