محکمہ موسمیات کی پیشگوئی دھری رہ گئی ، کراچی میں بادل نہ برسے

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی دھری رہ گئی ، کراچی میں بادل نہ برسے
شہرِ قائد میں بارش کی پیشگوئیاں، وارننگز اور پیش بندیاں سب دھری کی دھری رہ گئیں کیونکہ اب تک شہر میں بادل نہ برسے البتہ اب محکمہ موسمیات کی جانب سے آج شام یا رات میں کراچی شہر میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز احمد کے مطابق مون سون سسٹم مشرقی سندھ، راجستھان اور بحیرہ عرب میں موجود ہے جو آج شام یارات کو بارش اور آندھی کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بارش کا پہلا سسٹم 5 جولائی تک سندھ پر اثرانداز رہےگا، جس کے پیچھےایک اورسسٹم بھی موجود ہے جب کہ دوسرا اسپیل پہلے سسٹم کےختم ہونےکے 18گھنٹے بعد اثر انداز ہوسکتا ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ کراچی کا مزیدکہنا ہےکہ پنجاب، اسلام آباد،کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت29.5ڈگری جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32سے34ڈگری سینٹی گریڈ رہنےکا بھی امکان ہے اور کراچی میں ہوا میں نمی کا موجودہ تناسب 75 فیصد ہے۔ دوسری طرف شہری انتظامیہ کی جانب سے کراچی میں نالوں کی صفائی اب تک نہ ہوسکی اور اہم عمارتوں اور شاہراہوں پر لگے ہورڈنگز اور بل بورڈز بھی نہ ہٹائے جاسکے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بلوچستان اور سندھ کے زیریں علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے 2 جولائی سے شہرِ قائد میں بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔