لاہور(پبلک نیوز) لاہور کی مقامی عدالت نے گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکرسے بد تمیزی کے کیس میں حراست میں لیے گئے 98 افراد کو مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا. واضح رہے کہ ان ملزمان کی گزشتہ روز شناخت نہیں ہو ئی تھی.
گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکرسے بد تمیزی کے کیس میں ایک اور اہم پیشرفت سامنے آئی ہے. جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے کیس پر سماعت کی . عدالت نے شناخت نہ ہونے والے 98 ملزمان کو کیس سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے دیا . تفتیشی افسر نے مقدمہ میں ملوث 98 ملزمان کو جیل سے لا کر عدالت پیش کیا.
عدالت کا کہناتھا کہ 104 ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھجوایا گیا , 98 ملزمان کو کس بنیاد پر گرفتار کیا گیا؟ ملزمان کو جیل بھجوانے سے پہلے کون سے ثبوت لیے گئے تھے.اس دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ 98 ملزمان کو جیل میں رکھنے کا جواز نہیں ہے ,ملزمان کی شناخت پریڈ کے دوران شناخت نہیں ہوئی.
اس سے قبل مینار پاکستان میں بدسلوکی کا نشانہ بننے والی ٹک ٹاکر خاتون عائشہ اکرم کی شناخت پریڈ کی عدالت نے رپورٹ جاری کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق خاتون نے 104 ملزمان میں سے 6 ملزم شناخت کیے۔ عائشہ اکرم نے شہر یار، مہران، عابد ، ارسلان، ساجد اور افتخار کو شناخت کرلیا۔ رپورٹ کے مطابق خاتون نے 3 گواہوں بلال، ریمبو اور صدام کی موجودگی میں شناخت کی۔ جبکہ عائشہ نے شناخت پریڈ کے دوران چار ان افراد کو بھی شناخت کی 6 ماہ سے جیل میں بند تھے.