ورلڈ کپ میں بھارت سے میچ کا بائیکاٹ: پاکستان آئی سی سی کی سزا سے کیسے بچ سکتا ہے؟

ورلڈ کپ میں بھارت سے میچ کا بائیکاٹ: پاکستان آئی سی سی کی سزا سے کیسے بچ سکتا ہے؟
کیپشن: ورلڈ کپ میں بھارت سے میچ کا بائیکاٹ: پاکستان آئی سی سی کی سزا سے کیسے بچ سکتا ہے؟

ویب ڈیسک: پاکستان نے 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ نہ کھیلنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد عالمی کرکٹ میں قانونی اور انتظامی بحث شروع ہو گئی ہے۔ حکومتِ پاکستان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری اس فیصلے نے آئی سی سی کو بھی متحرک کر دیا ہے۔

آئی سی سی قوانین کے تحت رکن ممالک ’’ممبر پارٹیسپیشن ایگریمنٹ‘‘ (MPA) کے پابند ہوتے ہیں، جس کی شق 5.7.1 کے مطابق کسی میچ سے انکار معاہدے کی خلاف ورزی تصور ہوتا ہے اور اس پر جرمانہ یا معطلی جیسی سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

تاہم پاکستان اس معاملے میں قانونی اصطلاح ’’فورس میژر‘‘ کا سہارا لے سکتا ہے۔ ایم پی اے کی شق 12 کے مطابق اگر کسی ٹیم کو حکومت کی جانب سے میچ نہ کھیلنے کا حکم دیا جائے تو یہ فورس میژر کے زمرے میں آتا ہے، کیونکہ ایسا فیصلہ بورڈ کے اختیار سے باہر ہوتا ہے۔

پاکستان یہ مؤقف اختیار کر سکتا ہے کہ چونکہ حکومتی ہدایات کے تحت میچ کا بائیکاٹ کیا گیا، اس لیے پی سی بی آئی سی سی معاہدے کی دانستہ خلاف ورزی کا مرتکب نہیں۔

آئی سی سی کے پاس دو راستے ہوں گے: یا تو وہ اسے مکمل خلاف ورزی قرار دے کر سخت کارروائی کرے، یا پھر اس میچ میں پاکستان کو واک اوور شکست دے کر پوائنٹس بھارت کو منتقل کر دے۔

اس معاملے میں ایک پیچیدگی یہ بھی ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی بیک وقت حکومتی عہدہ بھی رکھتے ہیں، جس پر آئی سی سی یہ اعتراض اٹھا سکتا ہے کہ فیصلہ حکومت اور بورڈ کا مشترکہ اقدام ہے، نہ کہ مجبوری۔

پاکستان ماضی کی مثالیں بھی پیش کر سکتا ہے، خصوصاً وہ مواقع جب بھارت نے پاکستان آ کر کھیلنے سے انکار کیا اور ہائبرڈ ماڈل اپنایا گیا۔

حتمی فیصلہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ پی سی بی آئی سی سی کو حکومتی تحریری احکامات کس حد تک مؤثر انداز میں پیش کرتا ہے۔ مضبوط قانونی مؤقف کی صورت میں پاکستان سخت سزا سے بچتے ہوئے صرف پوائنٹس کی کٹوتی تک محدود رہ سکتا ہے۔

Watch Live Public News