’’حکومت کے پاس چیئرمین نیب کی ویڈیوز ہیں‘‘

’’حکومت کے پاس چیئرمین نیب کی ویڈیوز ہیں‘‘

اسلام آباد(پبلک نیوز) شاہد خاقان عباسی نے انکشاف کیا کہ حکومت کے پاس چیئرمین نیب کی ویڈیوز ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ایک خاتون نے وزیراعظم پورٹل میں شکایت کی تھی کہ چیئرمین نیب نے کوئی نازیبا حرکتیں کیں۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نیب کا کام ملکی سیاست کو تباہ کرنا ہے، وہ جاری ہے، کل قومی اسمبلی میں چیئرمین نیب کے بارے میں جو باتیں ہوئیں اس سے یہ سامنے آیا کہ حکومت چیئرمین نیب کو بلیک میل کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح جج ارشد ملک کو بلیک میل کیا گیا، اسی طرح چیئرمین نیب کو بھی بلیک میل کیا جا رہا ہے، چیئرمین نیب کو بلیک میل کر کے الٹے سیدھے کام کرائے جا رہے ہیں، احتساب کے ادارے کے اپنے احتساب کی ضرورت ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا ریکوڈک کیس جیتنے والی کمپنی نے روزویلٹ ہوٹل لیا ہے، روزویلٹ ہوٹل کی حیثیت کیا ہے عوام کو بتانا بہت ضروری ہے کہ کیا یہ بھی پاکستان کی ملکیت ہے یا نہیں؟ انہوں نے کہا یہ حکومت بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کا فیصلہ عوام کے سامنے نہیں رکھ سکی، نیب کی سرکس چلتی رہے گی، اس کا ایک ہی کام ہے ملک کے سیاست دانوں کو بدنام کرنا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک خاتون نے وزیراعظم پورٹل میں شکایت کی تھی کہ چیئرمین نیب نے کوئی نازیبا حرکتیں کیں۔ کل یہ معاملہ قومی اسمبلی میں بھی سامنے آیا ہے، خاتون نے کہا ہے کہ مجھ سے وعدے کیے گئے تھے جو پورے نہیں ہو سکے۔

پی ڈی ایم ایحاد سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے اتحاد کو توڑا ہے جس پر وضاحت مانگی گئی، یہ کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔