مردہ قراردیا گیا قیدی پوسٹمارٹم سے قبل زندہ ہوگیا

مردہ قراردیا گیا قیدی پوسٹمارٹم سے قبل زندہ ہوگیا
ویب ڈیسک (پبلک نیوز) اسپین کی ایک جیل میں بے ہوش ہونے والے قیدی کو مردہ قرار دیدیا گیا لیکن اسپتال میں پوسٹمارٹم سے چند لمحے قبل وہ زندہ ہوگیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپین کے علاقے ولابونا میں واقع آسٹوریاس جیل میں قیدی گونزالو مونڈویا جمنیز کو بے ہوش دیکھ کر پولیس گارڈ نے اس کی اطلاع جیل حکام کو دی جس کے بعد اسے اوویڈو کے انسٹی ٹیوٹ آف لیگل میڈیسن لے جایا گیا۔ ہسپانوی جیل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں دو ڈاکٹروں نے قیدی کی موت کی تصدیق کی جس کے بعد عدالت نے ایک فرانزک ڈاکٹر بھیجا جس نے قیدی کی موت کی حتمی تصدیق کی۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے قیدی میں سائنوسس کے آثار دیکھے اور آکسیجن کی کمی کی وجہ سے جلد کی تبدیل ہوتی رنگت کا مشاہدہ کیا۔ مردہ قرار دئیے جانے کے بعد جمنیز کی لاش کو اسپتال کے مردہ خانے میں رکھ دیا گیا جہاں بیگ میں اچانک اس کے دل نے دھڑکنا شروع کردیا۔ اطلاع ملنے پر فرانزک ڈاکٹر نے بیگ سے کان لگا کر سنا تو اسے بھی دل دھڑکنے اور سانس لینے کی آواز واضح سنائی دی جس پر اس نے فوراْ بیگ کھولا تو قیدی میں زندگی کی علامات تھیں۔ رپورٹ کے مطابق جمنیز اپنے پوسٹ مارٹم سے چند لمحے قبل ہی ہوش میں آیا کیونکہ اس کے جسم پر قلم سے ان جگہ نشانات لگے ہوئے تھے جہاں سے پوسٹمارٹم کرنے والے ڈاکٹروں نے اس کا جسم چیرنا تھا۔ ڈاکٹروں کی اس سنگین غلطی کے بعد قیدی جمنیز کو دوسرے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اطلاعات کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ہسپانوی جیل ترجمان کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ قیدی کے اہلخانہ کو بھی اس کے انتقال کی خبردے دی گئی تھی۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔