چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے فرنچائز مالکان  کی ملاقات،عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے فرنچائز مالکان  کی ملاقات،عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی

(ویب ڈیسک ) محمد شکیل خان:  چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے فرنچائز مالکان   نے  ملاقات کی اور انکو  عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

تفصیلات کے مطابق  چیئرمین  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)   محسن نقوی سے  اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں فرنچائز مالکان اور نمائندوں  نے  ملاقات  کی، فرنچائز مالکان نے محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی کے عہدے کی  مبارکباد دی۔

فرنچائزز نے چیئرمین پی سی بی کو ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کے لاہور اور ملتان میں میچز کی کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔ چیئرمین پی سی بی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں مسلسل تعاون اور اس لیگ کو ایک برانڈ بنانے پر فرنچائز مالکان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ   پی ایس ایل پاکستان کی پہچان ہے۔ پی ایس ایل کو مزید خوب سے خوب تر بنانے میں آپ کی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ کرکٹ کے فروغ کیلئے قابل عمل تجویز پر عملدرآمد کریں گے۔ 

اس موقع پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر،  لیگ کمشنر نائلہ بھٹی، ڈائریکٹر پاکستان سپر لیگ صہیب شیخ موجود تھے۔

فرنچائزز کی نمائندگی ملتان سلطانز کے مالک علی ترین، لاہور قلندرز کے عاطف رانا اور سمین رانا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ندیم عمر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کی۔

اسپورٹس رپورٹر

 محمد شکیل خان ایک نوجوان اسپورٹس رپورٹر ہیں جو نہ صرف فیلڈ میں متحرک ہیں بلکہ دنیا بھر میں ہونے والے اسپورٹس ایونٹس اور خصوصا کرکٹ کے حوالے سے اپنے قارئین کو باخبر رکھا اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں۔