ویب ڈیسک: جائیداد کے لالچ میں ماں کو قتل کرنےوالے بیٹے مختیار کا اعترافی بیان پبلک نیوز کو موصول ہوگیا۔
تفصیلا ت کے مطابق ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ میری ماں نے 2 سے 3 مرتبہ مجھے پولیس کے حوالے کرایا تنگ آکر قتل کا منصوبہ بنایا،میں اس کام میں اکیلا نہیں تھا میرے ساتھ 2 ماموں اور ان بیٹا بھی شریک جرم ہیں،والد کے قتل میں والدہ کا ہاتھ تھا، میں سعودی عرب سے واپس آیا ہوں۔
ملزم نے مزید اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ میری والدہ کورٹ میں مکان کا کیس جیت چکی تھی جائیداد میں ڈھائی کروڑ کیش 22 تولہ سونا تھا، قتل کی واردات کے وقت چھوٹے بہن بھائیوں کو چیز لینے باہر بھیج دیا تھا۔
قبل ازیں جائیداد کے لالچ نےبیٹے کو اندھا کردیا، کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں بیٹے نے ماموں کےساتھ ملکر اپنی سگی ماں کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کردیا۔پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر ملزم کوگرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کا قاتل اسکا سگا بیٹا نکلا،ملزم مختیار کو 24 گھنٹوں میں گرفتار کرلیا گیا ہے،ملزم نے جائیداد کے تنازعے پرماموں جمیل، کاکی اور ماموں زاد بھائی بختیار کے ساتھ مل کر والدہ کو تشدد کا نشانہ بنایا،ملزم نے گھر میں گھس کر گلے میں پھندا ڈال کر مقتولہ کو قتل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ عزت پری کے سگے 2 بھائیوں کو بھی جائیداد کی لالچ تھی، گرفتار ملزم کو ضابطے کی کارروائی کے بعد تفتیش کے حوالے کردیا گیا ہے۔