گوجرانوالہ اور فیصل آبادسے 2 انسانی اسمگلر گرفتار

گوجرانوالہ اور فیصل آبادسے 2 انسانی اسمگلر گرفتار
کیپشن: گوجرانوالہ اور فیصل آبادسے 2 انسانی اسمگلر گرفتار

ویب ڈیسک: فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) گوجرانوالہ نے8 سے زائد مقدمات میں ملوث ریڈ بک کےانتہائی مطلوب انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا جبکہ شہریوں کو کرغیزستان کے راستے یورپ بھجوانے والےانسانی سمگلنگ میں ملوث ملزم عامر حنیف کو فیصل آباد سے گرفتار کرلیاگیا ہے۔ 

تفصیلا ت کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ نے 8 سے زائد مقدمات میں ملوث ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر صبح صادق کو سیالکوٹ سے گرفتار کیا۔ملزم گزشتہ 12 سال سے ایف آئی اے کو مطلوب تھا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کا نام ریڈ بک کی انتہائی مطلوب انسانی سمگلرز کی فہرست میں شامل ہے۔ملزم انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا رکن ہے۔ملزم نے سادہ لوح شہریوں کو یو اے ای ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیائے۔

دوسری جانب ایف آئی اے فیصل آباد زون نے کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو کرغیزستان کے راستے یورپ بھجوانے کے معاملے  میں انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزم کی شناخت عامر حنیف کے نام سے ہوئی،ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں جھنگ روڈ فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پایا گیا،ملزم شہریوں کو غیر قانونی بارڈر پار کروانے میں بھی ملوث ہے،ملزم  نے شہریوں کو جرمنی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 70 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے۔ملزم نے شہریوں کو وزٹ ویزے پر کرغیزستان بھجوایا۔ملزم متاثرین کو جرمنی بھجوانے میں ناکام رہا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری 6 ماہ کرغیزستان رہنے کے بعد واپس پاکستان آ گئے،چھاپہ مار کارروائی میں ملزم کے قبضے سے فون اور دیگر شواہد برآمد کر لئے گئے،ملزم انٹرنیشنل نیٹ ورکس کے ساتھ رابطے میں تھا،ملزم کے دیگر ساتھی کرغیزستان سے نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔

Watch Live Public News