لاہور: ( پبلک نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ نشیبی علاقے زیر آب آنے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جلد ازجلد نکاسی آب کا حکم دیدیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ نکاسی آب کے لئے انتظامیہ اور واسا حکام ہمہ وقت چوکس رہیں۔ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نکاسی آب کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ افسران گرم کمروں میں بیٹھنے کی بجائے باہر نکلیں اور عوام کی مشکلات کا ازالہ کریں۔ بارش کے دوران ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے بھی موثر انتظامات کئے جائیں۔ خیال رہے محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ بالائی وسطی بلوچستان اور بالائی سندھ میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا تھا۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، پنجاب، کشمیر، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پربرفباری ہوئی۔ گذشتہ روز لاہور میں 53، سیالکوٹ 13، مری 14، قصور، نارووال 13، راولپنڈی 9، اسلام آباد 9، جہلم 7، ملتان 5، چکوال، حافظ آباد 4، گوجرانوالہ 3، سرگودھا 2، منڈی بہاء الدین 1، کشمیر 17، کاکول 11، پشاور 10، سکردو 8، بونجی 2، خضدار 5، دالبندین 4، لسبيله 3، دادو 2، اورماڑہ میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔