ممبئی(ویب ڈیسک) برصغیر کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار جنہیں ٹریجڈی کنگ کے نام سے پہچانا جاتا ہے، آج صبح طویل علالت کے بعد جان کی بازی ہار گئے ۔
بالی ووڈ کے مشہوراداکار اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے ایک ساتھ کئی دہائیاں گزاریں۔ دلیپ کمار سائرہ بانو سے ایک تقریب میں تب ملے تھے، جب سائرہ کی عمر 22 سال تھیں۔ دونوں کی کوئی اولاد نہیں ہے۔ سبسٹنس اینڈ شیڈو کے عنوان سے چھپنے والی دلیپ کمار کی سوانح حیات کے مطابق سائرہ بانو 1972 میں حاملہ ہوئیں تاہم حمل کے آٹھویں مہینے میں ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر ان کی بچی کو بچا نہیں سکے۔
یہ بھی پڑھیں : دلیپ کمار عمران خان کے کتنے بڑے مداح تھے؟
اس المناک واقعے کے بعد جوڑے نے ایک اور بچہ پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی۔ جب سائرہ بانو سے یہ پوچھا گیا کہ کیا وہ بچوں کے نہ ہونے کی کمی محسوس کرتی ہیں تو انہوں نے کہا "ہماری شادی میری زندگی کی سب سے اہم چیز ہے۔ میں بچہ نہ ہونے کی کمی محسوس نہیں کرتی کیونکہ دلیپ صاحب کا دل بھی ایک بچے جیسا ہے۔
تاہم ، دلیپ کمار نے اظہار خیال کرتے ہوئے ایک بار کہا تھا کہ اگر کوئی انکا ورثہ آگے بڑھانے والا ہوتا تو یہ اچھا ہوتا۔ انہوں نے کہا"اگر ہمارے اپنے بچے ہوتے تو یہ بہت اچھا ہوتا تاہم کوئی پچھتاوا نہیں ہے"۔
انہوں نے مزید کہا ، "نہ ہی سائرہ بانو اور نہ ہی میں اطمینان کے فقدان کی شکایت کر سکتے ہیں کیونکہ ہمارے لئے یہ کافی ہے کہ ہمارے گھر والے اپنی خوشی اور اپنی چھوٹی چھوٹی پریشانیاں بانٹیں۔"