مقبول سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک سے پیسے کمانے کیلئے نیا فیچر متعارف کرادیا گیا ہے۔ اگر آپ مقبول سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک سے پیسے کمانا چاہتے ہیں تو اس حوالے سے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے۔جس کے ذریعے صارفین اپنی وائرل ویڈیوز سے اضافی آمدنی سے حاصل کر سکیں گے۔ ٹک ٹاک نے سیریز نامی فیچر متعارف کرایا ہے جس کا مقصد ہے کہ تخلیق کار ایپ سے براہ راست پیسے کما سکیں۔ وہ صارفین جو سیریز کے لیے اہل قرار پائیں گے وہ اپنی ویڈیوز کو ایک البم میں رکھ کر ان تک رسائی پیسوں کے عوض فراہم کریں گے۔ اس ویڈیو البم کو سیریز البم کہا جائے گا۔ ٹک ٹاک کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ بنیادی طور پر ایک سیریز البم 80 ویڈیوز پر مشتمل ہوگا جس میں ہر ویڈیو کا دورانیہ 20 منٹ تک کا ہوگا۔ صارفین خود طے کریں گے کہ ان کی کسی سیریز البم کو دیکھنے کی فیس کتنی ہوگی جو 1 سے 190 ڈالرز کے درمیان رکھی جائے گی۔ اس آمدنی میں سے صارفین کو ٹک ٹاک کوئی حصہ نہیں دینا ہوگا، تاہم سیریز کا حصہ بننے کیلئے انہیں فیس دینا ہوگی۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ ٹک ٹاک کتنی فیس صارفین سے لے گا۔ اسی طرح یہ بھی معلوم نہیں کہ کوئی صارف سیریز کے لیے کیسے اہل قرار پائے گا، کمپنی کے مطابق اس میں شمولیت کے لیے درخواستوں کا آپشن جلد متعارف کرایا جائے گا۔ یہ فیچر ابھی محدود صارفین کو دستیاب ہے مگر بہت جلد اسے بڑے پیمانے پر متعارف کرایا جائے گا۔