پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کا اعلان کسی بھی وقت ہو سکتا ہے، لانگ مارچ کی تاریخ کا صرف عمران خان کو پتہ ہے۔ سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے الیکشن کمیشن کو انتخابات ملتوی کرنے کی چٹھی لکھی ۔ وفاقی حکومت کو حوصلہ کرنا چاہیے گھبرانا نہیں چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حامد زمان کو حکومت نے گرفتار کیا اور ہمارے دیگر کارکنوں کو بھی گرفتار کیا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں۔ یوسف رضا گیلانی مگر مچھ کے آنسو بہانے بند کریں وہ حکومت کا حصہ ہیں۔ اسمبلیوں کی مدت ایک سال بڑھانے کی بات ہوئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہیلتھ انصاف کارڈ انقلابی اقدام تھا لیکن اس پر بھی سیاست کی گئی اور اسے روکا گیا، مریض سیاسی نہیں ہوتا لیکن ذمہ دار افراد نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور امید ہے ہیلتھ کارڈ پر وفاقی حکومت تنگ نظری کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مریضوں کا سرکاری اسپتالوں پر بے پناہ پریشر تھا اور اسپتال نئے تعمیر ہوں گے تودباؤ کم ہو گا۔ صحت کارڈ سے 10 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت مل رہی ہے۔ چھوٹے چھوٹے شہروں میں نئے اسپتال بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول کے مارچ میں رینٹ پر لوگ آئے تھے اور نواز شریف کو تو بہت پہلے آجانا چاہیے تھا۔