ویب ڈیسک: قول مشہور ہے کہ ’ایک صحت مند جسم میں ہی ایک صحت مند دماغ‘ پایا جاتا ہے، تمباکو نوشی کے افراد اپنی صحت پر ظلم کرتے ہیں، ماہرین کے مطابق نیند سے جاگنے کے فوراً، نہار منہ سگریٹ پینے سے خطرناک بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں۔
نئی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ صبح سویرے سگریٹ نوشی منہ اور پھیپھڑوں کے کینسر کے امکانات کو بڑھا دیتی ہے۔
جو لوگ جاگنے کے 30 منٹ کے اندر سگریٹ پیتے ہیں، ان کے خون میں NNAL نامی خطرناک مادہ زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے۔ یہ مادہ تمباکو میں موجود ایک خاص سرطان پیدا کرنے والے عنصر (NNK) سے بنتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگرچہ 2 افراد ایک ہی دن میں برابر سگریٹ پیتے ہیں، لیکن صبح سویرے پینے والے کے جسم پر اس کے اثرات کہیں زیادہ خطرناک ہوتے ہیں۔
پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہر پروفیسر اسٹیون برانسٹیٹر کی تحقیق کے مطابق جو افراد جاگنے کے فوراً بعد سگریٹ پیتے ہیں، ان کے خون میں کینسر پیدا کرنے والے اجزاء کی سطح ان افراد سے زیادہ پائی گئی جو جاگنے کے آدھے گھنٹے بعد سگریٹ پیتے ہیں، چاہے دونوں روزانہ کتنی ہی سگریٹ کیوں نہ پیتے ہوں۔
ماہرین کے مطابق بہت سے افراد رات بھر کے وقفے کے بعد نکوٹین کی شدید کمی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ صبح جب وہ جاگتے ہیں تو خون میں نکوٹین کی سطح کافی گر چکی ہوتی ہے، جس کے باعث دماغ فوری طور پر سگریٹ کی طلب پیدا کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صبح کا پہلا کش اکثر شدید نشے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
سگریٹ سے نجات
جاگنے کے بعد سگریٹ کی بجائے ایک گلاس پانی پی لیں۔ یہ جسم کو ہائیڈریٹ کرے گا اور آہستہ آہستہ اس عادت کو ختم کرنے میں مدد دے گا۔
صبح کی ورزش دماغ میں مثبت کیمیائی اجزاء (اینڈورفنز) پیدا کرتی ہے جو خوشی کا احساس دلاتے ہیں اور دن بھر صحت مند فیصلے کرنے پر ابھارتے ہیں۔
سگریٹ نوشی کے کوئی فائدے نہیں، صرف نقصانات ہیں۔ خاص طور پر صبح کے وقت سگریٹ پینا کینسر کے خطرات کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔