ویب ڈیسک: لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی شمولیت کے بعد ٹیموں کی شرکت سے متعلق مجوزہ فارمولا سامنے آگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں کرکٹ ایونٹ کے فارمیٹ اور ٹیموں کی شمولیت پر تفصیلی غور کیا گیا، جس میں مردوں اور خواتین کی 6،6 ٹیموں کے شامل ہونے کی تجویز کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق نئے مجوزہ فارمولے کے تحت اولمپکس میں براہ راست پاک بھارت میچ کی کوئی گارنٹی نہیں ہوگی۔ ابتدائی تجویز یہ تھی کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی ٹاپ 6 ٹیمیں براہِ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کریں، تاہم اب یہ فیصلہ سامنے آیا ہے کہ ہر براعظم سے ایک ایک ٹاپ ٹیم کو موقع دیا جائے گا۔
آئی سی سی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ اولمپکس کے لیے 5 ٹیمیں مختلف براعظموں سے براہ راست کوالیفائی کریں گی، جب کہ چھٹی ٹیم کے انتخاب کے لیے ایک گلوبل کوالیفائر منعقد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق موجودہ رینکنگ کے حساب سے ایشیا سے بھارت، اوشنیا سے آسٹریلیا، یورپ سے انگلینڈ، افریقہ سے جنوبی افریقہ اور امریکہ سے یو ایس اے بطور میزبان کوالیفائی کر سکتے ہیں، تاہم اگر یو ایس اے خود جگہ نہیں بنا سکا تو ویسٹ انڈیز کو موقع مل سکتا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گلوبل کوالیفائر کے شیڈول اور تفصیلات سے متعلق باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔