ویب ڈیسک: مراکش میں چھٹیاں مناتے ہوئے ایک 47 سالہ برطانوی تاجر کی پراسرار موت نے کئی سوالات کھڑے کردیے، وہ اپنی 25 سالہ مراکشی گرل فرینڈ ماجدہ مجاول کے ساتھ کاسابلانکا میں موجود تھے، جب تاجر کا انتقال ہوا۔
تفصیلات کےمطابق پراسرار موت کا شکار ہونے والے تاجر ایلن میک کینا کے والد کا کہنا تھا کہ 22 فروری کو اُنہیں اپنے بیٹے کی گرل فرینڈ ماجدہ مجاول کی ویڈیو کال موصول ہوئی، جس کے پس منظر میں انہوں نے اپنے بیٹے کی لاش دیکھی۔
ماجدہ نے دعویٰ کیا کہ ایلن کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، تاہم اہلِ خانہ کو نہ تو کوئی موت کا سرٹیفکیٹ فراہم کیا گیا اور نہ ہی پوسٹ مارٹم رپورٹ دی گئی، اہلِ خانہ اب تک یہ بھی نہیں جان سکے کہ ایلن کو کہاں دفنایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ایلن میک کینا کو موت کے دو دن بعد خاموشی سے دفن کر دیا گیا، اور بعد ازاں ماجدہ مجاول برطانیہ واپس لوٹ آئیں تاکہ اُن کے کاروباری معاملات سنبھال سکیں، لیکن تدفین کی جگہ کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دیں۔
میک کینا کا تعلق نارتھ یارکشائر کے شہر ہاروگیٹ سے تھا، تاہم انہوں نے یونیورسٹی آف ساؤتھ آسٹریلیا سے تعلیم حاصل کی تھی۔ وہ اپنی موت کے وقت تین برطانوی کمپنیوں کے مالک تھے، ایلن میک کینا باڈی بلڈنگ میں حصہ لیتے تھے۔

اہلِ خانہ حکام سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ میک کینا کی موت، تدفین اور حالات و واقعات کی مکمل تحقیقات کی جائیں، تاکہ اُنہیں سچائی کا علم ہو سکے، ماجدہ مجاول اُن کی کسی کال، یا میسج کا جواب نہیں دے رہی۔
