کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں ایک انتہائی گھنائونا جرم سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون نے اپنے شوہر کو قتل کرکے اس کی لاش کے ٹکڑے کر دیئے، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرکے اس کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کا نام شیخ سہیل تھا جو کراچی کے علاقے صدر کا رہائشی تھا۔ اس کی اہلیہ رباب شیخ نے ناصرف انتہائی بے دردی سے اپنے شوہر کو قتل کیا بلکہ اس کی لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کرکے انھیں گھر کے مختلف حصوں میں چھپا دیا۔ اس جرم کا سب سے خوفناک پہلو یہ ہے کہ خاتون اپنے شوہر کی لاش کے بعض ٹکڑے اپنے پاس رکھ کر سو گئی۔ پولیس نے ملزمہ کے قبضے سے تیز دھار آلات اور مختلف اوزار بھی قبضے میں لے کر اسے ویمن پولیس کے حوالے کر دیا ہے جہاں اس سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس ہولناک واقعے کی اطلاع ملنے پر کارروائی کے دوران گھر کے مختلف حصوں سے لاش کے ٹکڑے ملے جبکہ مقتول کے کچھ اعضا خاتون ملزمہ کے قریب پڑے ہوئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس لرزہ خیر قتل کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک راہگیر کو سڑک پر انسانی ہاتھ ملے، اس نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر گھر کا تعین کیا جہاں خاتون لاش کے ٹکڑوں کے ساتھ سو رہی تھی۔ پولیس کے مطابق مقتول کی عمر 70 سال تھی جبکہ گرفتار خاتون نشے کی حالت میں تھی۔ وہ بار بار اپنے بیانات بدل رہی ہے، کبھی وہ مقتول کو اپنا شوہر تو کبھی بہنوئی قرار دے رہی ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ مقتول اسے تشدد کا نشانہ بناتا تھا، اس لئے میں نے غصے میں آکر اس کا قتل کر دیا۔