ویب ڈیسک: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ایک سال قبل ہمیں بے مثال کامیابی ملی، دشمن نے ہمارے قومی عزم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس کا ہماری فورسز نے منہ توڑ جواب دیا۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں معرکہ حق کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ آج کا دن ہم سب کیلئے باعث فخر ہے۔ ایک سال قبل معرکہ حق میں اللہ تعالی نے پاکستان کو کامیابی دی۔ بھارت خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنے کے خواب دیکھ رہا تھا۔ مگر دشمن بھول گیا تھا کہ اُس کے خواب اُس کی صلاحیت سے بڑے ہیں۔ معرکہ حق میں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ معرکہ حق دو ممالک کے درمیان معمولی جنگ نہیں بلکہ دو نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا۔ دشمن نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب سے 10 مئی تک ہمارے قومی وقار کو آزمانے کی کوشش کی، لیکن یہ کوشش ناکام رہی۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے مزید کہا کہ مئی 2025 کا معرکہ اچانک پیش آنے والا واقعہ نہیں تھا۔ ماضی میں بھی دشمن نے پاکستان پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگانے کی کوشش کی، لیکن ہر بار افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور معرکہ حق میں بھارتی جارحیت کو ناکام بنایا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ ہندوستان کا خواب ہے کہ وہ پاکستان کو عسکری جارحیت اور سفارتی تنہائی کا نشانہ بنائے، اور خطے میں طاقت کے توازن کو بدل دے۔ مگر یہ خواب ہندوستان کی صلاحیت سے کہیں بڑھ کر ہے، اور پاکستان کبھی بھی اس کی خواہش کو پورا نہیں ہونے دے گا۔ دشمن یہ بھول گیا تھا کہ افواج پاکستان نہ کبھی طاقت کے زور سے مرغوب ہوئی ہیں اور نہ کبھی ہوں گی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ فتح میزائلوں اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 26 سے زیادہ عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، آج پاکستان کا دفاع کسی بھی بیرونی جارحیت کیخلاف مکمل طور پر ناقابل تسخیر ہے، دشمن جان لے کہ پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی خطر ناک، دُور رس اور تکلیف دہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دشمن کے غلط اندازوں کو ناکام بنایا۔ ہمارے شہدا ہمارے سروں کے تاج ہیں۔
قبل ازیں، مسلح افواج کے سربراہان نے جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ یادگار شہداء پر حاضری کے بعد مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے بری، بحری اور فضائی افواج کے سربراہان کو سلامی پیش کی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ قوم کی حمایت کے ساتھ مسلح افواج ہر اندرونی اور بیرونی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ معرکہ حق میں کامیابی مسلح افواج کی لگن، تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس نے عوام کے اعتماد کو مزید مستحکم کیا ہے۔