(ویب ڈیسک) ایک رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے اپنے آئین میں ترمیم کرتے ہوئے یہ شق شامل کردی ہے کہ اگر کم جونگ اُن کو قتل کیا جاتا ہے تو خودکار طور پر ایٹمی حملہ کیا جائے گا۔
دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق یہ تبدیلی ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای اور دیگر حکام کی حالیہ تنازع کے دوران شہادت کے بعد بڑھتی ہوئی عالمی کشیدگی کے تناظر میں کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، سید علی خامنہ ای کو اس سال کے آغاز میں تہران میں ایک اسرائیلی حملے میں شہید کیا گیا تھا، جو امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ فوجی آپریشن کا حصہ تھا۔
آئینی ترمیم کی منظوری شمالی کوریا کی سپریم پیپلز اسمبلی کے اجلاس میں دی گئی، جو 22 مارچ کو پیانگ یانگ میں شروع ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابق، جنوبی کوریا کی نیشنل انٹیلی جنس سروس (NIS) نے اس ہفتے سینئر حکومتی حکام کو اس تبدیلی کے بارے میں بریفنگ دی۔
نظرِثانی شدہ پالیسی میں اس بات کا طریقہ کار بیان کیا گیا ہے کہ اگر شمالی کوریا کی قیادت کو غیر فعال یا قتل کر دیا جائے تو جوابی کارروائی کیسے کی جائے گی۔
نئی شق میں کہا گیا ہے“اگر ریاستی جوہری افواج کے کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کو دشمن قوتوں کے حملوں سے خطرہ لاحق ہو جائے … تو ایٹمی حملہ خودکار اور فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔”
گزشتہ ماہ، کم جونگ اُن نے ملک کی جوہری صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا جبکہ جنوبی کوریا کے خلاف سخت مؤقف برقرار رکھا، جسے انہوں نے “سب سے زیادہ دشمن ریاست” قرار دیا۔
کم جونگ اُن نے امریکا پر “ریاستی دہشت گردی اور جارحیت” کا الزام بھی لگایا اور اشارہ دیا کہ بڑھتی ہوئی عالمی کشیدگی کے دوران شمالی کوریا واشنگٹن کے خلاف زیادہ فعال کردار ادا کر سکتا ہے۔