(ویب ڈیسک ) خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان صرف ہمارا مستقبل نہیں بلکہ ہمارا حال بھی ہیں،ہمیں نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جامع صحت کی سہولیات، اقتصادی مواقع اور اپنی زندگیوں کے فیصلوں میں آواز دینا ہوگی۔
ورلڈ پاپولیشن ڈے 2025 کے موقع پر خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے ملک بھر کے عوام بالخصوص خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی صحت، عزت اور ان کو بااختیار بنانے کے لیے قومی سطح پر نئے عزم کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن اعداد و شمار پیچھے چھپے ہوئے انسانوں کی زندگیوں اور کہانیوں کی یاد دلاتا ہے،اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہر ماں صحت مند اور ہر بچہ محفوظ ہو اور ہر خاندان کو ترقی کرنے کا موقع ملے، پاکستان کو زچگی کی صحت، بچوں کی بہبود اور نوجوانوں کی بااختیاری کے شعبوں میں سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔
آصفہ بھٹو نے کہا کہ یہ صرف ترقی کا معاملہ نہیں بلکہ عزت، مساوات اور انصاف کا معاملہ ہے،جب ہم اپنی عوام کی فلاح کو ترجیح دیتے ہیں تو ہم اپنی قوم کے مستقبل کو محفوظ بناتے ہیں،نوجوانوں کے لیے ایسے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے جن سے وہ باعزت زندگی گزار سکیں، امتیاز سے پاک رہیں اور باخبر فیصلے کرنے کے قابل ہوں۔
خاتون اول نے کہا کہ ہمارے نوجوان صرف ہمارا مستقبل نہیں بلکہ ہمارا حال بھی ہیں۔ ہمیں نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جامع صحت کی سہولیات، اقتصادی مواقع اور اپنی زندگیوں کے فیصلوں میں آواز دینا ہوگی، نوجوانوں کی بااختیاری ایک منصفانہ، پُرامن اور پائیدار پاکستان کے لیے لازمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے تمام شراکت دار ایسے مستقبل کے لیے متحد ہو کر کام کریں جہاں ہر زندگی کی قدر کی جائے اور ہر نسل کو بااختیار بنایا جائے۔