کابل (ویب ڈیسک) افغانستان کی حکومت نے 12سال سے زائد عمر کی تمام لڑکیوں پر ملک بھر میں گانا گانے پر پابندی لگا دی گئی ہے اور یہ فیصلہ طالبات اور ان کے سرپرستوں سے مشورہ کے بعد کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق افغان حکومت کی طرف سے مبینہ طور پر ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں یہ حکم جاری کیا گیا ہے 12سال سے زائد عمر کی لڑکیاں صرف خواتین کی موجودگی میں ہی کسی تقریب میں گانا گا سکتی ہیں۔اس پابندی کے تحت اب مرد اساتذہ تعلیمی اداروں میں لڑکیوں کو بھی میوزک کی تعلیم نہیں دے سکیں گے۔افغان نیوز ایجنسی کی طرف سے اس مراسلہ کی ایک کاپی بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے جس میں واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ لڑکیوں کو کسی ایسی تقریب میں ہی گانا گانے کی اجازت ہے جہاں پر صرف خواتین موجود ہوں۔افغان وزارت تعلیم کی ترجمان نجیبہ ارائین کی طرف سے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے یہ کہا گیا ہے کہ اس کا فوری طور پر اطلاق افغانستان کے تمام صوبوں میں ہو گا۔یہ فیصلہ طالبات اور ان کے سرپرستوں کے مشورہ کے بعد کیا گیا ہے۔تمام تعلیمی اداروں کے اساتذہ اس پابندی کو نافذ کروانے کے پابند ہوں گے۔