سیمی فائنل میں جیت برقرار رکھیں گے، بابر اعظم

سیمی فائنل میں جیت برقرار رکھیں گے، بابر اعظم
دبئی: ( پبلک نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں جیت کے سلسلے کو برقرار رکھیں گے، ٹورنامنٹ کا اہم میچ ہے، اس روز اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔ ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھی مستقل مزاجی کو برقرار رکھیں گے۔ ہر میچ میں تھوڑی بہت کمزوریاں نظر آئی ہیں، کبھی بیٹنگ کبھی بائولنگ تو کبھی فیلڈنگ میں خامیاں ہوئیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ ان خامیوں کو دور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے بائیو سیکور ببل ایک مشکل زندگی ہے۔ دو سے ڈھائی سال ببل میں رہ کر کرکٹ کھیلی۔ سیکیور ببل کی وجہ سے اگر کوئی کھلاڑی پریشان ہوتا ہے تو مل کر اس کا حوصلہ بڑھاتے ہیں۔ سیکیور ببل میں گروپ ایکٹیویٹی ہوتی رہتی ہیں۔ بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ میں جو کھلاڑی مانگے تھے، وہ ملے جس کی وجہ سے کھل کر فیصلے کئے۔ آٹھ سے دس کھلاڑی وہ ہی ہیں جو چیمپئنز ٹرافی سکواڈ کا حصہ تھے۔ اچھی بات یہ ہے کہ ہر میچ میں نیا کھلاڑی مین آف دی میچ ہوتا ہے اور بحیثیت کپتان یہ میرے لئے اچھی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کپتانی کی ذمہ داری لی، سب نے اعتماد دیا اس وجہ سے فیصلے کرنے میں آسانی ہوئی۔ کپتانی سیکھ رہا ہوں اور یہ عمل جاری رہے گا۔ بحیثیت کپتان حسن علی کو باہر نہیں کر سکتا، حسن علی کو ایسے موقع پر بیک کرنے کی ضرورت ہے وہ ضرور کم بیک کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں 11 کے گیارہ کھلاڑی پرفارم نہیں کرتے، جیت ٹیم ایفرٹ کی بدولت ہی ملتی ہے۔ پاور پلے میں کبھی کنڈیشن تو کبھی حکمت عملی کے ساتھ تیز رنز نہیں بنتے، اچھی بات ہے اگر ابتدائی بیٹسمین جلد آئوٹ ہو جائیں تو مڈل آرڈر سکور کر رہا ہے۔

Watch Live Public News