(ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئینی تحفظ دیا جا رہاہے۔ مودی کو شکست دینے پر پاکستان کے فیلڈ مارشل کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔
بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایوان نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وقت متفقہ آئین منظور کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے آمر کو شکست دے کر حکومت سنبھالی۔اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو حقوق دئیے گئے۔ کسی کا باپ بھی چاہے تو اٹھارویں ترمیم کو ختم نہیں کر سکتا۔میثاق جمہوریت میں وعدہ شدہ آئینی عدالت بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئینی تحفظ دیا جا رہاہے۔ مودی سرکار کے جہاز گرا کر آپ کو دنیا بھر میں عزت ملی ، اس پس منظر میں ہم نے آرٹیکل 243 پر حکومت کی حمایت کا فیصلہ کیا ،مناسب ہوتا کہ دوسری سیاسی جماعتیں بھی ساتھ دیتیں ، اپوزیشن کی زمہ داری تھی کہ اس پراسس میں حصہ لیتے ۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی بھی قانون سازی کی اصل روح اتفاق رائے ہوتا ہے۔مسلم لیگ ن نے ستائیسویں آئینی ترمیم میرے ساتھ شیئر کی ۔ پیپلز پارٹی نے حکومت کا ساتھ دینے اور آئینی عدالت بنانے کا فیصلہ کیا ، آئینی عدالت بنانا ایک تاریخی کامیابی ہے۔