(ویب ڈیسک )پاکستانی شوبز انڈسٹری سے طویل عرصے تک وابستہ رہنے والی ماضی کی معروف اداکارہ عابدہ بیگ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مدد کی اپیل کی ہے۔
پی ٹی وی کے مقبول ڈرامے سونا چاندی سے شہرت حاصل کرنے والی عابدہ بیگ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں وہ آبدیدہ ہو کر اپنی مشکلات بیان کرتے ہوئے حکومتی تعاون کی درخواست کرتی نظر آتی ہیں۔
وائرل ویڈیو میں اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں عابدہ بیگ ہوں جس نے 35 سال فن کی خدمت کی اور میرے مرحوم شوہر مرزا رشید اختر نے بھی 40 سال انڈسٹری کو دیے۔ ہمارے گھر میتیں رکھی ہوتی تھیں لیکن ہم پھر بھی کام کے لیے سیٹ پر جاتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ میں اس وقت بہت دُکھ میں ہوں، میرے ساتھ ظلم ہوا ہے، میری چھت چھن گئی ہے، میرے 2 بچے ہیں اور ان کے بھی چھوٹے چھوٹے بچے ہیں اور ہماری اتنی آمدنی نہیں ہے کہ کرائے کہ گھر میں رہ سکیں۔
اداکارہ عابدہ بیگ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ میری جمع پونجی میرا گھر تھا جس کے لیے میری مدد کی جائے۔
واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل سونا چاندی 1983ء میں پاکستان ٹیلی وژن سے نشر ہوا تھا اور اسے ناظرین میں بے حد مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔