حاجی گلبر خان 19 اراکین کی حمایت سےگلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے. حاجی گلبر خان کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فارورڈ بلاک سے ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ہم خیال گروپ نے رات گئے پریس کانفرنس میں انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ہی حاجی گلبر تنہا امیدوار رہ گئے تھے، ہم خیال گروپ نے یہ الزام لگایا تھا کہ اسمبلی میں اکثریت کو زبردستی اقلیت میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھی ارکان اسمبلی کو کروڑوں روپے کی اسکیموں کی لالچ دی گئی ہے، ساتھ نہ دینے پر ساتھی ارکان کو گرفتاریوں اور مقدمات کی دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔ حاجی گلبرخان کو فاروڈ بلاک سمیت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی حمایت حاصل تھی۔ انہیں گلگت بلتستان اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں موجود 20 سے 19 ارکان نے ووٹ دیا۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید کی جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی کے ارکان کی تعداد 32 رہ گئی ہے۔