ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے شیڈول اور فارمیٹ کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک کیا جائے گا، جبکہ ایونٹ کے میچز ملک کے 5 مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ میں مجموعی طور پر 44 میچز ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 2026 میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی اور ٹورنامنٹ سنگل لیگ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔ ہر ٹیم کو کم از کم 10 میچز کھیلنے کا موقع ملے گا، جبکہ مجموعی طور پر 39 دنوں میں 44 میچز کھیلے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لیگ کے پہلے مرحلے میں 28 میچز ہوں گے، جس کے بعد دوسرے مرحلے میں 8 ٹیموں کو 4،4 ٹیموں پر مشتمل دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سپر فور مرحلے میں ہر ٹیم 3،3 میچز کھیلے گی اور اس مرحلے میں مجموعی طور پر 12 میچز ہوں گے۔ سپر فور کے اختتام پر دونوں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔