ویب ڈیسک: قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی کو قائدِ حزبِ اختلاف بنانے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر اسپیکر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ آج وقفۂ سوالات نہیں ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے چیف وہپ کو اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کے لیے اپنے چیمبر میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ عامر ڈوگر چیمبر میں آئیں تاکہ نوٹیفکیشن جاری کیا جا سکے۔ بعد ازاں اسپیکر نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر مقرر کیے جانے کا اعلان کیا۔
اجلاس کے دوران پاکستان نرسنگ کونسل آرڈیننس قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا، جو وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں پیش کیا۔ اس کے علاوہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ ترمیمی بل 2026، درآمدات و برآمدات ایکٹ ترمیمی بل، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن تنظیمِ نو ترمیمی بل اور لائف انشورنس نیشنلائزیشن ترمیمی بل بھی پیش کیے گئے۔
وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے مزید برآمدی ترقی فنڈ ترمیمی بل 2026، ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان ترمیمی بل 2026، پاکستان ٹیلی مواصلات تنظیمِ نو ترمیمی بل، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی بل، متبادل تنازعہ جاتی تصفیہ ترمیمی بل اور علاقۂ دارالحکومت اسلام آباد ملکیت و انتظام بل بھی قومی اسمبلی میں پیش کیے۔
تمام بلز وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے ایوان میں پیش کیے گئے۔