امریکی دباؤ کام کرگیا، مودی سرکار کی روسی تیل نہ خریدنے کی یقین دہانی

امریکی دباؤ کام کرگیا، مودی سرکار کی روسی تیل نہ خریدنے کی یقین دہانی
کیپشن: امریکی دباؤ کام کرگیا، مودی سرکار کا روسی تیل نہ خریدنے کی یقین دہانی

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت تجارتی اقدامات اور بھاری ٹیرف کے دباؤ کے بعد بھارت نے بالآخر امریکا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔ نریندر مودی حکومت نے ٹرمپ انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ روس سے تیل کی خریداری روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔

اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ذاتی طور پر انہیں یقین دلایا ہے کہ بھارت مستقبل میں روس سے تیل نہیں خریدے گا۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ بھارت کی روسی تیل خریدنے کی پالیسی سے " انتہائی ناخوش" تھے، مگر اب دونوں ممالک کے درمیان یہ معاملہ طے پا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق بھارت فی الحال روسی تیل کی خریداری فوراً بند نہیں کرسکتا، تاہم جلد ہی مکمل طور پر یہ عمل روک دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ "میں سمجھتا ہوں کہ بھارت ایک اچھا دوست ملک ہے، لیکن تجارتی میدان میں اسے مزید منصفانہ رویہ اپنانا ہوگا۔"

یاد رہے کہ امریکا نے چند ہفتے قبل روسی تیل کے معاملے پر بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا تھا، جس کے بعد نئی دہلی پر دباؤ میں اضافہ ہوا۔ ٹرمپ نے کہا کہ "بھارت نہ صرف روسی تیل خرید رہا تھا بلکہ اسے فروخت کرکے منافع بھی کما رہا تھا، جو یوکرین میں جاری جنگی مشین کے لیے ایندھن فراہم کرنے کے مترادف ہے۔"

امریکی صدر نے بھارت کے اس رویے کو "غیر ذمہ دارانہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ "انہیں شاید اس بات کی پرواہ نہیں کہ یوکرین میں روسی فوج کے ہاتھوں کتنے لوگ مارے جا رہے ہیں۔"

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے ٹیکنالوجی کمپنی ایپل سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت میں آئی فونز کی تیاری روک دے، کیونکہ موجودہ حالات میں امریکا کو اپنے صنعتی اور معاشی مفادات کا تحفظ ہر صورت میں مقدم رکھنا ہے۔

Watch Live Public News