لاہور ( پبلک نیوز ) محکمہ موسمیات کیجانب سے سوموار سے بدھ کے دوران آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 17 اپریل کی رات کو مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا۔ جو کہ20 اپریل تک ملک کے تمام بالائی علاقوں پر موجود رہے گا۔ جس کے باعث 17اپریل (رات) اور 18 اپریل کو چاغی،نوشکی،کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، لورالائی، مستونگ، ژوب،زیارت، قلات، سبی، نصیر آباد اور بارکھان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 18اپریل سے 20 اپریل کے دوران خیبر پختونخوا،کشمیر،مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار،میانوالی، خوشاب،بھکر، سرگودھا، لیہ، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، جھنگ،شیخوپورہ ،لاہور، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور گجرات میں آندھی ،تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ 18اپریل (رات) سے 21 اپریل کے دوران گلگت بلتستان (دیامیر،گلگت، غذر، استور اور اسکردو )میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ 17 اور 18 اپریل کو راجن پور، ملتان،خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، سکھر، جیکب آباد ، لاڑکانہ اور ڈیرہ بگٹی میں آندھی،گرد آلود ہوائیں چلنے اور بونداباندی کا بھی امکان ہے۔