ویب ڈیسک: بھارتی فلم انڈسٹری کی مقبول جوڑی وجے دیوراکنڈا اور رشمیکامنداناکی مبینہ شادی سے متعلق ایک دعوت نامہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس نے مداحوں میں تجسس اور قیاس آرائیوں کو بڑھا دیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس وائرل دعوت نامے میں شادی کی تاریخ 26 فروری 2026 درج ہے، جبکہ شادی کے بعد استقبالیہ تقریب 4 مارچ کو حیدرآباد میں منعقد کرنے کی تفصیل شامل ہے۔ دعوت نامے میں بتایا گیا ہے کہ شادی کی تقریب سادہ اور نجی نوعیت کی ہوگی جس میں قریبی دوستوں اور اہل خانہ کو مدعو کیا جائے گا، جبکہ استقبالیہ تقریب شام 7 بجے شروع ہوگی۔

دعوت نامے کے متن میں یہ بھی درج ہے کہ دونوں فنکار اپنی زندگی کے اس اہم مرحلے کی خوشیاں اپنے دوستوں، ساتھیوں اور چاہنے والوں کے ساتھ بانٹنا چاہتے ہیں۔ تاہم تاحال دونوں اداکاروں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان یا تصدیق سامنے نہیں آئی، جس کے باعث افواہوں میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
سماجی رابطوں کے مختلف پلیٹ فارمز پر مداح اس خبر پر ملا جلا ردعمل دے رہے ہیں۔ کچھ شائقین نے خوشی اور جوش کا اظہار کیا ہے، جبکہ بعض افراد نے دعوت نامے کی صداقت پر سوال اٹھاتے ہوئے محتاط رویہ اختیار کیا ہے۔
واضح رہے کہ دونوں اداکاروں کی مشترکہ فلموں میں شاندار ہم آہنگی نے پہلے ہی مداحوں کی دلچسپی بڑھا رکھی ہے، جس کی وجہ سے ان کی نجی زندگی سے متعلق خبروں کو بھی غیر معمولی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔ تاہم سرکاری اعلان سامنے آنے تک اس خبر کو محض افواہ ہی سمجھا جا رہا ہے۔