’کلّو‘ کا کردار معاشرے کے منہ پر بہت بڑا تھپڑ تھا ، ماریہ واسطی

’کلّو‘ کا کردار معاشرے کے منہ پر بہت بڑا تھپڑ تھا ، ماریہ واسطی
لاہور (ویب ڈیسک ) اداکارہ ماریہ واسطی کا شمار پاکستان کی منجھی ہوئی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے ایک مدت تک پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری پر راج کیا اور اب بھی جب وہ سکرین پر جلوہ گر ہوتی ہیں تو اپنی خوبصورت اداکاری سے سب کے دل موہ لیتی ہیں۔ آج کل وہ ڈرامہ ’دلِ زار زار‘ میں انتہائی جاندار کردار میں نظر آ رہی ہیں۔ نجی ویب سائٹ سے گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ ’آج کل جس طرح کے ڈرامے بن رہے ہیں میری کوشش ہوتی ہے کہ ایسا کردار کروں جو پہلے نہ کیا گیا ہو یا جس میں پرفارمنس دکھانے کا مارجن بھی ہو۔‘ ماریہ نے کہا کہ ’یہ ایک ایسا کردار ہے جو لوگوں کو جوڑ رہا ہے۔ اگرچہ اسے کچھ شکوے بھی ہیں کیونکہ اس نے اپنے بہن ،بھائیوں کے لیے قربانی دی ہے لیکن بعد میں وہ اپنی زندگیوں میں مصروف ہو جاتے ہیں اور اس کی قربانی کو بھول جاتے ہیں۔ دوسرا یہ کہ وہ جو کہنا چاہتی ہے وہ کہہ دیتی ہے اور وہ رشتوں کو بنا کر رکھنے والی ہیں . ماریہ واسطی کے بقول وہ خود کو بہت خوش نصیب سمجھتی ہیں کہ انہیں کیریئر کے آغاز میں ہی بہت شاندار لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ اپنے مشہورزمانہ ڈرامے ’کلّو‘ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’میرا ہٹ ڈرامہ کلّو بہت مختلف تھا جو اس معاشرے کے چہرے پر تھپڑ تھا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ’ہم وہ اداکار ہیں جو حقیقی زندگی پر مبنی اداکاری پر یقین رکھتے ہیں۔ یعنی اگر کوئی لڑکی جھونپڑی سے نکل رہی ہے اجڑی ہوئی ہے تو وہ ایسی ہی لگنی چاہیے۔‘

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔