نیتھن لیون کی وکٹوں کی تعداد میں آگےنکل جانے پرگلین میگرا کا دلچسپ ردعمل

نیتھن لیون کی وکٹوں کی تعداد میں آگےنکل جانے پرگلین میگرا کا دلچسپ ردعمل
کیپشن: نیتھن لیون کی وکٹوں کی تعداد میں آگےنکل جانے پرگلین میگرا کا دلچسپ ردعمل

ویب ڈیسک: سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر گلین میگرا کی کمنٹری کے دوران دیے گئے ردعمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ یہ واقعہ ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز پیش آیا، جب آسٹریلوی اسپنر نیتھن لیون نے وکٹوں کی تعداد میں گلین میگرا کو پیچھے چھوڑ دیا۔

نیتھن لیون کے آگے نکلنے پر گلین میگرا نے کمنٹری باکس میں کرسی اٹھا کر مزاحیہ انداز میں اپنے ردعمل کا اظہار کیا، جسے شائقین کرکٹ نے خوب پسند کیا۔

نیتھن لیون اب آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ ان کی وکٹوں کی تعداد 564 ہو چکی ہے، جبکہ گلین میگرا نے اپنے کیریئر میں 563 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس فہرست میں شین وارن 708 وکٹوں کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

عالمی سطح پر سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والے بولرز میں سری لنکا کے متھیا مرلی دھرن 800 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 704، اسٹیورٹ براڈ 604 اور بھارت کے انیل کمبلے 619 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

نیتھن لیون اس وقت ٹیسٹ کرکٹ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔

Watch Live Public News