کوئٹہ سے اسلام آباد فضائی کرایہ 75 ہزار روپے سے زائد،  سرفراز بگٹی کا ٹکٹ سستے کرنے کا مطالبہ

کوئٹہ سے اسلام آباد فضائی کرایہ 75 ہزار روپے سے زائد،  سرفراز بگٹی کا ٹکٹ سستے کرنے کا مطالبہ
کیپشن: کوئٹہ سے اسلام آباد فضائی کرایہ 75 ہزار روپے سے زائد،  سرفراز بگٹی کا ٹکٹ سستے کرنے کا مطالبہ

ویب ڈیسک: کوئٹہ سے اسلام آباد کا فضائی کرایہ 75 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا ہے، جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے فوری طور پر کرایوں میں کمی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

بلوچستان اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں فضائی کرایوں میں غیرمعمولی اضافے کی مذمت کی گئی اور شہریوں کی مشکلات پر روشنی ڈالی گئی۔ رکن صوبائی اسمبلی شاہدہ رؤف نے کہا کہ کوئٹہ سے اسلام آباد کے لیے کرایہ کراچی سے اسلام آباد کے کرایے سے کئی گنا زیادہ ہو چکا ہے، جو 15 سے 20 ہزار روپے کے درمیان ہے۔

شاہدہ رؤف نے مزید کہا کہ ایمرجنسی میں سفر کرنا مشکل ہو چکا ہے کیونکہ ٹکٹ دستیاب نہیں ہیں، اور کوئٹہ سے صرف پی آئی اے اور ایک نجی ایئرلائن کی پروازیں چل رہی ہیں۔

رکن اسمبلی برکت علی رند نے ایئرلائنز کے چیف آپریٹنگ آفیسرز کو بلا کر جواب طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کوئٹہ سے کراچی کے فضائی کرایے کے لیے دو لاکھ 10 ہزار روپے ادا کیے اور تربت کے لیے ہفتے میں کم از کم ایک فلائٹ چلانے کی تجویز دی۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فضائی کرایوں میں اضافے سے بلوچستان کے عوام شدید پریشان ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو عوام ایئرپورٹ کا گھیراؤ کر کے احتجاج کر سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر وفاقی ادارے غیرسنجیدہ رہے تو یہ مسئلہ امن و امان کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، اور پارلیمانی لیڈرز کو اس مسئلے کو قومی سطح پر اٹھانے کے لیے وزیراعظم سے ملاقات کا بھی مشورہ دیا۔

Watch Live Public News