کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی

کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کراچی کے 7 اضلاع کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردئیے ہیں، الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کے خط کے بعد سندھ کے بلدیاتی انتخابات کا دوسرہ مرحلہ ملتوی کیا ۔ سندھ کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کے زیرصدارت اجلاس میں ہوا ، چیف الیکشن کمشنر کے زیرصدارت اجلاس میں وفاقی حکومت کے خط کا جائزہ لیا گیا ۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ کمیشن نےکراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ کراچی بلدیاتی انتخابات کے لیے گزشتہ روز سیکرٹری وزارت داخلہ سے میٹنگ کی گئی، وزارت داخلہ سے انتخابات کے پر امن انعقاد کے لیے فوج اور رینجرز کی فراہمی یقینی بنانے کا کہا تھا، وزارت داخلہ نے مطلع کیا کہ پولیس نفری کی کمی کے پیش نظر فوج اور رینجرز پولنگ اسٹیشنز پر ڈیوٹی نہیں دے سکتے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تحریری طور پر بتایا گیا کہ فوج اور رینجرز بطور کوئیک ریسپانس فورسز دستیاب ہوں گے، سندھ حکومت نے بتایا تھا کہ کراچی کے اکثر پولنگ اسٹیشنز یا تو حساس یا انتہائی حساس ہیں لہٰذا الیکشن کمیشن کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا کہ فل الحال انتخابات ملتوی کردیےجائیں۔ خیال رہے کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن 23 اکتوبر کو ہونے تھے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔