ویب ڈیسک: مشہور ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے 19ویں سیزن میں شرکت کرنے والی امیدوار اور سوشل میڈیا انفلوئنسر تانیا متل ایک نئے اسکینڈل کی زد میں آگئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق تانیا پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی پرتعیش زندگی کے حوالے سے جھوٹے اور گمراہ کن دعوے کیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے معروف انفلوئنسر فیضان انصاری نے تانیا متل کے خلاف گوالیار ایس ایس پی آفس میں باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔ شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تانیا نے خود کو ایک ایسی شاندار عمارت یا گھر کی مالکن ظاہر کیا جو ان کے مطابق ’’فائیو اسٹار ہوٹل سے زیادہ لگژری‘‘ ہے۔ مزید یہ کہ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ صرف ’’بکلاوا، دال اور کافی‘‘ کے لیے بذریعہ جہاز بیرونِ ملک سفر کرتی ہیں۔
فیضان انصاری نے الزام لگایا ہے کہ تانیا کے یہ دعوے نوجوان نسل کے لیے غلط مثال قائم کر رہے ہیں کیونکہ وہ ایک غیر حقیقی اور جھوٹی طرزِ زندگی کو کامیابی کی علامت کے طور پر پیش کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق تانیا کی حرکات سوشل میڈیا پر جھوٹ، خودنمائی اور دھوکے کے بڑھتے ہوئے کلچر کو فروغ دے رہی ہیں۔
مزید الزامات کے مطابق تانیا پر یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے مبینہ بوائے فرینڈ بلراج سمیت کئی افراد کو دھوکا دیا، جس کے نتیجے میں دونوں کے درمیان تنازع پیدا ہوا اور بلراج کو جیل جانا پڑا۔
فیضان انصاری نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ وہ ذاتی طور پر ممبئی سے گوالیار گئے تاکہ تانیا کے خلاف شکایت درج کرانے کے لیے تمام ثبوت متعلقہ حکام کو فراہم کر سکیں۔
یہ معاملہ اب تیزی سے بھارتی میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر موضوعِ بحث بن چکا ہے، جہاں صارفین سوشل میڈیا کی مصنوعی چمک دمک پر سوال اٹھا رہے ہیں کہ حقیقت اور دکھاوے کے درمیان لکیر آخر کہاں کھینچی جائے۔