ویب ڈیسک: ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے یو اے ای کو 41 رنز سے شکست دیکر ایونٹ کے سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم 105 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم نے یو اے ای کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز اسکور کیے۔ فخر زمان 50 جبکہ شاہین شاہ آفریدی 29 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
اس کے علاوہ صائم ایوب صفر، صاحبزادہ فرحان 5، کپتان سلمان علی آغا 20، حسن نواز 3، خوشدل شاہ اور محمد نواز 4، 4 اور محمد حارث 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
یو اے ای کی جانب سے جنید صدیق نے 18 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سمرن جیت سنگھ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 105 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ یو اے ای کی جانب سے راہول چوپڑا 35 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ میں گروپ اے سے بھارت اور پاکستان نے سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے جبکہ عمان اور یو اے ای ٹرافی کی ریس سے باہر ہوگیا۔