ویزہ فراڈ،انسانی اسمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 افراد گرفتار

ویزہ فراڈ،انسانی اسمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 افراد گرفتار
کیپشن: ویزہ فراڈ،انسانی اسمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 افراد گرفتار

ویب ڈیسک: گوجرانوالہ میں ویزہ فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت عاصم جمیل اور امداد اللہ مکی کے نام سے ہوئی۔ گرفتار ملزمان شہریوں کو ملازمتوں کا جھانسہ دے کر بیرون ملک بھجوانے اور ویزا فراڈ میں ملوث پائے گئے۔

ملزمان کو چھاپہ مار کارروائیوں میں ملتان اور گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔ملزم عاصم جمیل کا نام اشتہاری ملزمان کی فہرست میں شامل ہے۔ملزم نے شہری کو کینیڈا ملازمت کا جھانسہ دے کر 12 لاکھ روپے سے زائد بٹورے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف سال 2014 سے کمپوزٹ سرکل گوجرانوالہ میں مقدمہ درج تھا۔ ملزم امداد اللہ نے شہری کو یو اے ای ملازمت کا جھانسہ دے کر 6 لاکھ روپے وصول کیے۔ملزمان بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔گرفتارملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

 ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون عبدالقادر قمر کا کہناہے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔ انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں،معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،ایف آئی اے کی ٹیمیں انسانی سمگلنگ کے متاثرین سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون عبدالقادر قمر کا کہناہے کہ انسانی سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے، گرفتار انسانی سمگلروں کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں گی،بین الاقوامی سطح پر انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔

Watch Live Public News