ویب ڈیسک: پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ایف) کے صدر طارق بگٹی نے ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر دو سال کی پابندی عائد کر کے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران طارق بگٹی نے کہا کہ استعفیٰ وزیرِ اعظم کو بھیج دیا ہے اور عماد بٹ کو ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں دو سال تک شرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔
آسٹریلیا میں پاکستان ہاکی ٹیم کے دورے پر انتظامی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے درخواست کی ہے کہ کمیٹی بنائی جائے جو تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کو سزا دے۔
طارق بگٹی کے مطابق، پی ایس بی کی وجہ سے دورے کے دوران مسائل کا سامنا ہوا۔ ہاکی فیڈریشن کے پاس اتنے فنڈز نہیں تھے کہ وہ انتظامات کر پاتی۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل کی بکنگ کے لیے پی ایس بی نے رقم وقت پر نہیں دی اور وہ خود پی ایس بی گئے تھے لیکن وہاں سے جواب ملا کہ رقم بھیجنے میں دو ماہ لگیں گے۔
طارق بگٹی نے مزید کہا کہ پورا شیڈول رانا مجاہد نے اسپورٹس بورڈ کے سامنے رکھا تھا اور پاکستان کی ورلڈ رینکنگ 18 سے بڑھ کر 13 ہو چکی ہے، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل اور وزیرِ اعظم کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے ہاکی کے لیے 25 کروڑ روپے مختص کیے اور ریلیز کیے۔
دوسری طرف، وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے انکوائری مکمل کرلی ہے اور تین رکنی کمیٹی کی رپورٹ وزیرِ اعظم آفس بھیج دی گئی ہے، جس میں مالی معاملات اور پی ایچ ایف کو قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔