ویب ڈیسک: ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے صارفین کے ویڈیو دیکھنے کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے نیا ری ڈیزائن ویڈیو پلیئر متعارف کرا دیا ہے۔
ایکس کے پراڈکٹ ہیڈ نِکیتا بیئر نے اس اپ ڈیٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پرانے ویڈیو پلیئر کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کرنا ضروری تھا۔ حالیہ مہینوں میں پلیٹ فارم پر ویڈیو فیچرز کو بہتر بنانے کے لیے متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
نیا ویڈیو پلیئر خاص طور پر موبائل صارفین کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ آئی او ایس ڈیوائسز پر صارفین اب ایک کلک کے ذریعے ویڈیو کو فل اسکرین عمودی انداز میں دیکھ سکیں گے، جو ٹک ٹاک جیسے تجربے سے مشابہ ہے۔
یہ تبدیلی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا میں ٹک ٹاک کو امریکی سرمایہ کاروں کے ایک گروپ نے خرید لیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے درمیان مقابلہ مزید تیز ہو گیا ہے۔ ایکس کی حالیہ اپ ڈیٹ کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ ایکس نے 2025 میں ورٹیکل ویڈیو فیڈ بھی متعارف کرائی تھی، جو صارفین میں مقبول ہو رہی ہے۔