ویب ڈیسک: ایک دلچسپ اور حیران کن واقعے میں شہر کے معروف فائیو اسٹار ہوٹل کو اس کار کے نام پر 10 ہزار روپے کا ای چالان موصول ہوگیا جو 28 سال قبل چوری ہوچکی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ہوٹل کی ملکیتی گاڑی نمبر AAR-540 مئی 1997 میں شاہراہِ فیصل کے قریب فیاض سینٹر کی پارکنگ سے چوری ہوئی تھی۔ اس واقعے کی ایف آئی آر نمبر 122/97 ہوٹل کے ملازم زاہد کی مدعیت میں 22 مئی 1997 کو تھانہ صدر میں درج کرائی گئی تھی۔
پولیس گزشتہ 28 برس میں متعلقہ گاڑی کا سراغ نہیں لگا سکی، تاہم گزشتہ ہفتے ہوٹل انتظامیہ کو اسی گاڑی کی نمبر پلیٹ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث 10 ہزار روپے کا ای چالان موصول ہوگیا۔
ہوٹل انتظامیہ نے جرمانہ ادا کرنے پر اصولی آمادگی ظاہر کی ہے، تاہم انہوں نے شرط رکھی ہے کہ پہلے کراچی پولیس اس مسروقہ گاڑی کی برآمدگی یقینی بنائے۔