گل پلازہ میں ریسکیو آپریشن سست روی کا شکار، 83 افراد تاحال لاپتا

گل پلازہ میں ریسکیو آپریشن سست روی کا شکار، 83 افراد تاحال لاپتا
کیپشن: گل پلازہ میں ریسکیو آپریشن سست روی کا شکار، 83 افراد تاحال لاپتا

ویب ڈیسک: کراچی میں واقع گل پلازہ میں جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شدید سست روی کا شکار ہو گیا ہے، جہاں اب تک 83 افراد لاپتا ہیں اور متاثرہ خاندانوں کی تشویش میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمارت کے فرنٹ حصے میں ریسکیو کا عمل مکمل طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ پچھلے حصے میں چند محدود ریسکیو ٹیمیں انتہائی کم وسائل کے ساتھ کارروائی میں مصروف ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے ملبے کو ہٹانے اور ممکنہ طور پر دبے افراد تک پہنچنے کے لیے مطلوبہ افرادی قوت دستیاب نہیں، جس کے باعث آپریشن مؤثر انداز میں آگے نہیں بڑھ پا رہا۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ چار گھنٹوں سے بھاری مشینری اور ریسکیو گاڑیاں بھی بند پڑی ہیں، جس سے صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے۔ عینی شاہدین اور متاثرہ خاندانوں نے ریسکیو آپریشن میں تاخیر پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر اضافی نفری اور جدید مشینری فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور ریسکیو کارروائی کو تیز کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق گل پلازہ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں عمارت کے اندر داخل ہو چکی ہیں اور لاشوں کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک عمارت سے 26 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جن میں سے 13 کی شناخت ہو گئی ہے، جبکہ متعدد لاشیں بری طرح جھلسنے کے باعث ناقابل شناخت ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق باقی لاشوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ہی ممکن ہو سکے گی۔

حکام کے مطابق سیکیورٹی اور ریسکیو سرگرمیوں کے پیش نظر گل پلازہ کے عقب میں واقع سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو کارروائی کے دوران عمارت کی چھت سے کرین کی مدد سے 17 گاڑیاں، 12 موٹر سائیکلیں اور ایک رکشہ بھی اتار لیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ متاثرہ عمارت کسی بھی وقت منہدم ہو سکتی ہے، جس کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاندانوں کے افراد رات بھر اپنے پیاروں کی تلاش میں عمارت کے باہر موجود رہے، جب کہ فضا سوگوار اور دل گرفتہ مناظر سے بھرپور رہی۔

Watch Live Public News