ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ قومی ٹیم کے اوپنرز فخر زمان اور صائم ایوب انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق دونوں کھلاڑی تاحال انجری سے مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوئے اور اس وقت بورڈ کے میڈیکل اسٹاف کی نگرانی میں ری ہیب کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
کرکٹ بورڈ نے دونوں کرکٹرز کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکواڈ اور کھلاڑیوں کی فٹنس سے متعلق مزید اپ ڈیٹس جلد جاری کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز 30 مئی سے ہوگا، جبکہ دیگر میچز 2 اور 4 جون کو کھیلے جائیں گے۔
آسٹریلوی ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچے گی، جبکہ قومی ٹیم 22 مئی سے راولپنڈی میں تربیتی کیمپ شروع کرے گی، جہاں ایک پریکٹس میچ بھی کھیلا جائے گا۔