ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے معروف اداکار اجے دیوگن، سابق پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی کے ساتھ ملاقات کی تصویر وائرل ہونے پر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آگئے۔
یہ وائرل تصویر دراصل حالیہ پاک،بھارت کشیدگی سے قبل ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز (2024) کے دوران لی گئی تھی، مگر یہ حال ہی میں اس وقت دوبارہ وائرل ہوئی جب پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز (2025) کا ایک اہم میچ منسوخ کر دیا گیا۔
میچ کی منسوخی کی وجہ بھارتی ٹیم کی جانب سے شاہد آفریدی کی شمولیت پر اعتراض بتایا جا رہا ہے، تصویر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی اجے دیوگن پر تنقید کے تیر برسنے لگے، کئی بھارتی صارفین نے اُن پر ’دوغلا رویہ‘ رکھنے کا الزام عائد کیا۔
Ajay Devgan meets Shahid Afridi happily. These celebs desh bhakti will remain for PR only, rest they will do anything for money and don't care about the people of the country. pic.twitter.com/FqfKTMPNOm
— Div???? (@div_yumm) July 20, 2025
ایک صارف نے لکھا کہ ’اب کسی بھی بالی ووڈ سیلیبریٹی پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا' جبکہ ایک اور نے یہاں تک کہہ ڈالا کہ ’ اجے دیوگن صرف اسکرین پر بھارت سے محبت کرتے ہیں، اصل زندگی میں نہیں'۔
بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے مزید لکھا کہ ' اجے دیوگن جیسے اداکاروں کو عوام یا ملک کی کوئی پرواہ نہیں، وہ بھارت دشمنوں کے ساتھ مسکرا کر ملتے دکھائی دیتے ہیں' جبکہ ایک مشتعل صارف نے یہاں تک کہہ دیا کہ ’ان کی آنے والی فلم کا بائیکاٹ کریں، بس بہت ہو گیا‘۔
وائرل ہونے والی تصویر اجے دیوگن کی شاہد آفریدی سے برمنگھم میں ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز 2024 کے دوران ملاقات کی ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے منظور شدہ ایک ٹی 20 ٹورنامنٹ ہے لیکن اسے مکمل بین الاقوامی ٹی 20 درجہ حاصل نہیں، اس کے مالکان انڈین ریپر ہرشت تومر اور بالی وڈ اداکار اجے دیوگن ہیں۔
ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) کا پہلا ایڈیشن 2024 میں ہوا تھا، جس میں انڈیا چیمپیئنز نے فائنل میں پاکستان چیمپیئنز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔