وزیراعلیٰ پنجاب نے جیلوں میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے جیلوں میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کر دیا
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کی جیلوں میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے اپنے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا جس میں پریزن ریفارمز پیکج پر عمل کا جائزہ لیا گیا۔ گذشتہ روز ہونے والے اجلاس کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ جیلوں کے ہسپتالوں میں میڈیکل افسران کو علیحدہ کیڈر میں تعینات کیا جائے گا۔ سابقہ حکومتوں نے قیدیوں کو سہولتیں دینے پر کوئی توجہ نہیں دی اور ان کے ساتھ میں سوتیلی ماں جیسا سلوک ہوتا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کو معیاری کھانے کی فراہمی کے لیے 50 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے اور جیل فاؤنڈیشن کے فنڈز کو قیدیوں کی فلاح وبہبود کے لیے استعمال میں لانے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مختلف بیرکس میں بند رشتہ دار قیدیوں کی ملاقات کے لیے جامع لائحہ عمل بنایا جائے اور میں 15 روز بعد اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔ پریزن اینڈ پریزنر ایکٹ 2021 کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ جیلوں میں قیدیوں کو 8 سے 40 چینل دیکھنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور 29 جیلوں میں ٹی وی کیبل نیٹ ورکنگ مکمل ہو چکی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جیلوں میں 250 نئے واش رومز اور 2 ہزار 889 واش رومز کی تعمیر ومرمت کی جا چکی ہے جبکہ سینٹرل جیل میانوالی، فیصل آباد اور ڈیرہ غازی خان کو سولر پر منتقل کیا جا رہا ہے اور ہر ماہ جیلوں میں 2 بار میڈیکل کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔