ویب ڈیسک: پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر نہ صرف گروپ میچ کی ہار کا بدلہ لے لیا بلکہ بھارتی ٹیم کو ٹرافی جیتنے یا کسی بھی قسم کا جشن منانے کا موقع بھی نہ مل سکا۔
فائنل کے موقع پر ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے فاتح پاکستانی ٹیم کو ایشیا کپ کی ٹرافی پیش کی۔ یاد رہے کہ محسن نقوی 28 ستمبر کو منعقد ہونے والے ایشیا کپ فائنل میں بھی مہمانِ خصوصی تھے، تاہم اس موقع پر بھارتی سینئر کھلاڑیوں نے ان سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی، جس کے باعث ایشیا کپ کی ٹرافی تاحال ایشین کرکٹ کونسل کے دبئی ہیڈ کوارٹر میں موجود ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس بار بھی بھارتی انڈر 19 کھلاڑیوں نے دونوں میچوں کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے ہینڈ شیک نہیں کیا اور ان کا ارادہ تھا کہ وہ پاکستانی وزیر داخلہ اور پی سی بی چیئرمین سے ٹرافی وصول نہیں کریں گے۔ تاہم فائنل میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو عبرتناک شکست دے دی، جس کے نتیجے میں بھارتی ٹیم کا یہ منصوبہ بھی ناکام ہو گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کو 191 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔